اسلام آباد (نیوزڈیسک)قومی اسمبلی کو وزارت خارجہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے بیرون ممالک کے دس دورے کئے .دوروں کو غیر ضروری کہنا درست نہیں . غیر پاکستانی کو عارضی پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملہ کی تحقیقات جاری ہیں .ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی . دسمبر 2015ءتک نان مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ قابل قبول نہیں ہوں گے . روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے . آمد سے قبل ہی توانائی کے لئے ایل این جی کے منصوبوں پر بات ہو رہی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں وزیر اعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے بتایا کہ روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی ہے۔ ان کی آمد سے قبل ہی توانائی کے لئے ایل این جی کے منصوبوں پر بات ہو رہی ہے، ہیلی کاپٹروں کے حصول پر بھی بات ہو رہی ہے۔ سرتاج عزیز نے بتایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے بیرون ملک 10 دورے کئے، ان میں بعض دورے ضروری نوعیت کے ہوتے ہیں، مودی نے 11 ماہ میں 18 دورے کئے ہیں۔ ان دوروں کو غیر ضروری کہنا درست نہیں ہے۔ بیرون ملک کمیونٹی ویلفیئر کی طرف توجہ دی جاتی ہے، 7 سال سے پرانی گاڑیاں تبدیل کرنے کا آغاز ہو گیا ہے۔ کوارٹرز کی تزئین و مرمت پر توجہ دی جا رہی ہے، یہ امور فارن آفس کی ذمہ داری ہے اس کا وزرائے اعظم کے دورہ سے تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوبئی میں پاکستانی قونصلیٹ جنرل کی عمارت کی تعمیر کا دو مرحلوں میں آغاز ہو گیا ہے ایک غیر پاکستانی کو عارضی پاسپورٹ جاری کرنے کے معاملہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، رپورٹ آنے پر ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مشین ریڈ ایبل 28 مشن جاری کرتے ہیں، 76 سفارت خانوں کے علاوہ باقی سب پر یہ سسٹم ہیں، ہم نادرا کے تعاون سے اپنے اسٹاف کو تربیت دے رہے ہیں جس کے بعد اسٹاف بھی یہ کام کر سکے گا۔ دسمبر 2015ءتک نان مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ قابل قبول نہیں ہوں گے