اسلام آباد(نیوزڈیسک) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پر تحریک انصاف کی جانب سے عوامی اجتماعات اور جلسوں کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 مئی کو طلب کرلیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا میں عوامی اجتماعات اور جلسوں کے اعلان کے بعد25 مئی کو عمران خان سمیت 2صوبائی وزرامشتاق غنی اورحبیب اللہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے موقع پر خیبرپختونخوا میں جلسوں کا اعلان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس کے بعد 25 مئی تک عمران خان جہاں جہاں خلاف ورزی کےمرتکب ہوئے کمیشن کے سامنے پیش ہوکرانہیں اس کی وضاحت دیناہوگی۔الیکشن کمیشن کی طرف سے نوٹس لینے پرعمران خان نے خیبرپختونخوامیں اپنی تمام سیاسی سرگرمیاں منسوخ کردی ہیں ،تحریک انصاف کے ترجمان کے مطابق عمران خان نے خیبرپختونخوامیں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرتے ہوئے خیبرپختونخوامیں سیاسی سرگرمیاں منسوخ کرنے کافیصلہ کیاہے اورتحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی ،ارکان صوبائی اسمبلی اورسینیٹرزکوبھی الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ۔