اسلام آباد(نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختوخوا کے دو وزراءکو بلدیاتی انتخابات کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس کرتے ہوئے انہیں 25 مئی کو طلب کر لیا ہے ۔ اس ضمن میں الیکشن کے ترجمان نے ”این این آئی “ کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ہائیر ایجوکیشن مشتاق احمد غنی اور وزیر برائے زکوٰة و عشر حبیب الرحمان کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کئے ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ 25 مئی کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی وزیر مشتاق احمد غنی بلدیاتی انتخابات کے دوران ایبٹ آباد میں گھر گھر جا کر مہم چلا رہے ہیں جبکہ صوبائی وزیر حبیب الرحمان نے اپنے حلقے بونیر میں گلیاں نالیاں وغیرہ کی تعمیر کیلئے ٹینڈر دیئے ہیں جو کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں وزراءکو نوٹس جاری کئے ہیں۔