کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کو درپیش پانی کے بحران سے چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی بھی محفوظ نہ رہ سکے جبکہ چیئر مین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہاہے کہ وہ بھی پانی کا ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں .اس اہم مسئلے پر وزیر اعلی سے بات کریں گے۔ کراچی میں لائنز کلب انٹرنیشنل کا سولہواں سالانہ ڈسٹرکٹ کنونشن ہوا۔ چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کئی تجربات سے گذر چکا ہے، اب مزید تجربے یا ناکامی کی گنجائش نہیں، اب بھی الزامات کا کھیل ہوا تو ٹھیک نہیں ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ اہل کراچی کو پانی کی تنگی ہے، شہریوں کی طرح انہیں بھی پانی کا ٹینکر خریدنا پڑ رہا ہے۔ میاں رضا ربانی نے کہا کہ غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کا سامنا ہے، جس کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں، فیصلہ کرنا ہوگا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، جب تک کہ فتح ہمیں نہ مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کہا تھا کہ پاکستان سیکیورٹی اسٹیٹ نہیں بلکہ لبرل اور فلاحی ریاست ہوگی۔ پیپلز پارٹی اسی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔