اسلام آباد(نیوز ڈیسک)انٹیلی جنس بیورو کی تحقیقاتی ٹیم نے لاہور میں چھ بچوں کے آگ میں جھلس کر جاں بحق ہونے کے واقعے کا ذمہ دار ضلعی انتظامیہ کو قرار دے دیا ، رپورٹ بھجوا دی گئی۔ انٹیلی جنس بیورو کی تحقیقاتی ٹیم نے کوٹ خواجہ سعید میں آگ میں جھلسنے والے بچوں کے گھر کا دورہ کیا اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کئے۔انہوں نے گھر کے مختلف کمرے دیکھے اہل خانہ اور محلے داروں کے بیانات لئے جن کی روشنی میں تحقیقاتی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ ٹیم کی طرف سے مرتب کی جانے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں اور ان کی حالت بھی خراب تھی اگر فائر بریگیڈ اور ریسکیو کی گاڑیاں بروقت پہنچتی ، بہتر کارکردگی دکھاتیں تو جانیں بچائی جا سکتی تھیں۔