اسلام آباد (نیوز ڈیسک)آئندہ2 روز میں جڑواں شہروں سمیت مالاکنڈ، ہزارہ، فاٹا،گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیںبارش کا امکان ہے جبکہ کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان ،کوئٹہ، ڑوب، ڈیرہ غازی خان ، سرگودھا،لاہور، گوجرانوالہ، پشاور ڈویڑن اور زیریں فاٹا میں چند مقامات پرتیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق بالائی خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، راولپنڈی ڈویڑن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پرابر آلود ہے۔ اس کے علاوہ ملتان، بہاولپور اور سکھر ڈویژن میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا۔گزشتہ روزبالائی خیبر پختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ،مردان ڈویڑن)، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویڑن، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواوﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا۔سب سے زیادہ بارش منگلہ میں 30 ملی میٹر،راولپنڈی 29 ،اسلام آباد 33 ،مری19 پشاور6 اور جہلم 10 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ۔گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات میں سندھ ،بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے بیشتر علاقے شدید گرمی کے زیر اثر رہے۔سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد، دادو اور سبی میں48 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سکھر، رحیم یار خان، لاڑکانہ، روہڑی 47 ، جیکب آباد، خانپور اور پڈعیدن 46 ، بہاولنگر اور بہاولپور میں44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔