اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہاہے کہ ترقی کی سوچ رکھنے والی قیادت کے بغیر ترقی ممکن نہیں ، معاشی پالیسیوں کے عدم تسلسل کی وجہ سے ملک پیچھے رہ گیا ہے حکومتی پالیسیوں سے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بہتر ہوا ہے ۔ اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقی تبدیلی ہے چین کے ساتھ اقتصادی راہداری منصوبے کی ناکامی کا مطلب دوبارہ اندھیرے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار ہفتے کے روز احسن اقبال نے لاہور میں پنجاب گروتھ سٹرٹیجی 2018 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش ملک بن گیا ہے حکومتی پالیسیوں سے پاکستان کا تشخص عالمی سطح پر بہتر ہوا ہے ۔ چین کے ساتھ اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقی تبدیلی ہے اس موقع پر سے فائدہ اٹھانے کے لئے ہمیں اپنی توانائیاں صرف کرنی چاہئے پاکستان میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کی بہت صلاحیت ہے ہمیں کمیونٹی ، شہر اور ضلع کی سطح پر قیادت کو پروان چڑھانا ہو گا سیاسی استحکام اور اصلاحات اور توازن چین کی بڑی کامیابیاں ہیں ہمیں بھی چین سے سبق سیکھنا چاہئے باقی صوبے بھی اگر اس طرح کی گروتھ سٹرٹیجی بناتے تو وقاق ان سے بھرپور تعاون کریں گا ۔