لاہور(نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے عوام کے لئے رمضان پیکج کی منظوری دیدی۔ صوبے بھر میں تین سو اٹھارہ سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ سترہ ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں میں تبدیل ہو جائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے رمضان پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صرف سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ اوپن مارکیٹ میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا نوے روپے جبکہ رمضان بازاروں میں ایک سو تیس روپے کم قیمت پر ملے گا۔ رمضان بازاروں میں چینی آٹھ روپے کم قیمت پر دستیاب ہو گی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی اسٹورز کے اسٹال بھی لگائے جائیں گے۔ محکمہ زراعت تین سو پینتیس فیئرپرائس شاپس قائم کرے گا جبکہ ایک سو سنتالیس گرین چینل بھی کھولے جائیں گے جہاں کسان براہ راست اپنی اشیاء4 فروخت کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں دو ہزار مدنی دسترخوان لگائے جائیں گے، جہاں مفت افطاری کی سہولت میسر ہوگی۔شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے تمام وزراء4 اور سیکریٹریز کو رمضان المبارک کے دوران اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھنے کے بھی احکامات جاری کیے۔