لندن(نیوزڈیسک) پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملزمان کی حوالگی کے معاہدے کا مسودہ قانونی مشاورت کیلئے متعلقہ برطانوی محکمے کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پاکستان اور برطانیہ جلد مسودے کا تبادلہ کرینگے۔ ذرائع کے مطابق معاہدے کی تحت پہلا ملزم عمران فاروق قتل کیس میں ملوث ملزم معظم علی خان ہوگا۔ معظم علی خان کی ضوائنٹ انویسٹی ٹیم (جے آئی ٹی) کی رپورٹ بھی برطانوی حکام کو موصول ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے حالیہ دورہ برطانیہ میں ملزمان کی حوالگی کے معاہدے پر اصولی اتفاق کر لیا گیا تھااوراس سلسلے میں مزیدپیش رفت کے لئے آئندہ 48گھنٹے اہم قراردیئے جارہے ہیں۔ واضع رہے کہ آج وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے برطانیہ سے آئی اہم شخصیت نے ملاقات کی ہے جو اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے اس اہم ملاقات میں عمران فاروق قتل کیس میں پیشرفت پر تبادلہ خیالات کیا ہے۔ واضع رہے کہ وزیر داخلہ چودھری نثار نے گزشتہ دنوں اپنی پریس کانفرنس میں عمران فارق قتل کیس میں پیشرفت کا اشارہ دیا تھا۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق برطانوی تفتیشی اداروں کے اہم افسران معظم علی خان سے تفتیش کیلئے پاکستان میں موجود ہیں۔ برطانوی تفتیش کاروں نے معظم علی خان تک رسائی کیلئے پاکستانی حکام کو درخواست دی ہوئی ہے۔ برطانوی تفتیشی ٹیم میں سکاٹ لینڈ یارڈ، عمران فاروق قتل کیس کا انچارج پولیس کمانڈر، سیریس اینڈ آرگنائزڈ کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور نیشنل کرائم ایجنسی کے اہلکار شامل ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں