اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت وفاق سے مزید پیسے مانگنے سے پہلے وصول شدہ پیسوں کا حساب دے۔اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کو گرانے والے آج اسی سے مانگنے رہے ہیں، کل جو ہماری گردن پکڑتے تھے آج ہماری جیبیں ٹٹول رہے ہیں۔ آئین کے تحت صوبے بھی بجلی پیدا کرسکتے ہیں لیکن خیبر پختونخوا حکومت 2 برس کے دوران ایک یونٹ بجلی بھی پیدا نہیں کرسکی۔ صوبائی حکومت رواں مالی سال میں ترقیاتی بجٹ کا 40فیصد بھی خرچ نہ کر سکی، وہ مزید پیسے مانگنے سے پہلے وصول شدہ پیسوں کا حساب دے۔پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کو گرانے کی کوششیں کی جو ناکام ہوگئی, اپنے تحفظ کے لئے عمران خان کو پارلیمنٹ کی اہمیت کااحساس ہوا، اب وہ اس چھتری کو عوام کے سروں سے ہٹانے کی باتیں اب بند کریں۔