کراچی(نیوزڈیسک)پولیس کی نا اہلی کے باعث نائن زیرو سے گرفتار ملزموں کی جے آئی ٹی مسلسل التوا کا شکار ہے،رینجرزنے کراچی پولیس کو یاددہانی کا خط لکھا ہے جس میں پولیس کوباور کرایاگیا ہے کہ جے آئی ٹی کی عدم تشکیل سے کراچی آپریشن پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس تو وزارت داخلہ سے بھی تگڑی نکلی جس نے وزارت کی جانب سے مجرموں سے تفتیش کیلئے جے آئی ٹی بنانے کے احکامات بھی ہوا میں اڑا دیئے ۔پولیس کی نا اہلی کے باعث نائن زیرو سے گرفتار ملزموں کی جے آئی ٹی مسلسل التوا کا شکار ہوکر رہ گئی ہے ، نائن زیرو سے حراست میں لئے گئے ملزموں سے مشترکہ تفتیش نہیں کی جا رہی ہے جس پر رینجرز برہم ہے ۔رینجرز نے کراچی پولیس کو ایک یاد دہانی خط لکھا ہے جس میں کراچی پولیس کو یہ باور کرایا ہے کہ جے آئی ٹی کی عدم تشکیل سے کراچی آپریشن پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان کی تفتیش بھی التوا کا شکار ہے جبکہ سیکٹر انچارج عمیر صدیقی کی جے آئی ٹی کے احکامات بھی پولیس کے سرد خانے کی نذرہوگئے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق ایم پی اے یوسف منیر شیخ کی جے آئی ٹی بھی داخل دفتر کر دی گئی ہے ۔رینجرز نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ گرفتار ملزمان کے ریمانڈ 9اور10 جون کو ختم ہوجائیں گے اس لئے ملزمان سے تفتیش کےلئے فوری طور پر جے آئی ٹیزبنائی جائیں ۔