اسلام آباد (نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے کہا ہے کہ منگل کو پی ایم ہاﺅس کے سامنے صوبائی حقوق کے منظور نہ ہونے تک پرویز خٹک سمیت تمام صوبائی وزیر دھرنا دیں گے ۔ 200 سے زائد ایشوز ہیں جو کہ وفاقی حکومت قانونی طور پر تسلیم تو کرتی ہے لیکن منظور نہیں کرتے اب پرانا اور فرسودہ نظام نہیں چلنے دیں گے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے خصوصی گفتگو میں کیا ۔ شاہ فرمان نے کہا کہ ز منگل خیبرپختونخوا کے حقوق کی خاطر وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی سربراہی میں تمام صوبائی وزیر وزیر اعظم ہاﺅس کے سامنے دھرنا دیں گے اور یہ دھرنا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمارے جائز مطالبات وفاق منظور نہیں کرے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے 200 سے زائد ایشوز ہیں جنہیں وفاق قانونی طور پر تسلیم کرتا ہے لیکن منظور نہیں کرتا ہے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا ہے وفاقی حکومت اپنی سیاسی چپقلش کی وجہ سے صوبے سے انتقامی کارروائی کر رہی ہے لیکن اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے اور مطالبات اسلام آباد میں پیش کر کے پوری دنیا کے سامنے حکومت کی منافقت رکھیں گے کہ صوبہ خیبرپختونخوا کے ساتھ کس طرح سوتیلی ماں جیسا سلوک ہو رہا ہے شاہ فرمان نے کہا کہ دھرنے میں پی ٹی آئی کی اعلی قیادت نہیں بلکہ صوبائی قیادت شرکت کرے گی اور ہم نے کارکنان کو بھی ہدایت کر دی ہے کہ ہم کوئی ڈرامہ نہیں لگانا چاہتے بلکہ جمہوری روایات کے مطابق جائز حقوق کی منظوری کے لئے دھرنا دیں گے ۔