لاہور(نیوزڈیسک)وزارت داخلہ نے فورتھ شیڈول میں شامل دو ہزار کے قریب افراد کے روپوش ہونے بارے مختلف اطلاعات سامنے آنے کے بعد صوبائی حکومتوں سے رپورٹ طلب کر لی ،جلد سراغ لگا کر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے کے حوالے سے اقدامات بارے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ذرائع کے مطابق مختلف اداروں کی طرف سے جمع کی جانےوالی رپورٹس میں وزارت داخلہ کوبتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں فورتھ شیڈول میں شامل کئے گئے دو ہزار کے قریب افراد پولیس کی غفلت کی وجہ سے روپوش ہو گئے ہیں جسکے بعد وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کو لکھا ہے کہ وہ اس حوالے سے مکمل چھان بین کریں اور روپوش ہونےوالے افراد کا سراغ لگا کر نہ صرف انکے خلاف بلکہ انکی ضمانتیں دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزارت داخلہ نے ان معاملات بارے پیشرفت کی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔