لاہور(نیوزڈیسک) گلبرگ میں کلمہ چوک پر سرکاری افسر کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون سمیت 2افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا ، جاں بحق ہونےوالوں کے ورثاءکی طرف سے تھانے میں احتجاج کے بعد چھ گھنٹے کی تاخیر سے مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتہ کی صبح ایک تیز رفتار کار نے کلمہ چوک پر خاتون سمیت تین افراد کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں خاتون اور ایک دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ تیسرے شخص کو شدید زخمی حالت میں جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ خاتون کی شناخت رضیہ کے نام سے ہوئی جو صبح کی واک کر رہی تھی جبکہ دوسرے شخص کی شناخت ٹیکسی ڈرائیور ظفر کے نام سے ہوئی جو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد واپس اپنے گھر کو جارہا تھا۔موقع پر موجود افراد نے کار ڈرائیور کو قابو کر کے پولیس کے حوالے کیا۔ بتایا گیا ہے کہ کار سوار محمد علی ایک اعلیٰ سرکاری افسر کا صاحبزادہ ہے ۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرنے میں تاخیر پر جاں بحق ہونے والوں کے ورثاءنے تھانے میں جمع کر احتجاج کیا اور انصاف دو کے نعرے لگائے جس پرپولیس نے چھ گھنٹے کی تاخیر سے مقدمہ درج کیا ۔