پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا اسمبلی نے جامعا ت میں کرپشن اوراقرباپروری کے خاتمے کے لئے یونیورسٹیز ترمیمی بل 2015 اپوزیشن کی ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا ہے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت منعقدہوا۔ تلاوت کلام پاک کے بعد اپوزیشن رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے کورم کی نشاندہی کی جس پر ایوان میں گھنٹیاں بجائیں گئیں۔ دو گھنٹے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا لیکن کورم پورا نہ ہوسکا تاہم بل کو پاس کرانے کے لئے حکومتی اراکین نے اپوزیشن کو اعتماد میں لیکر اجلاس کی کاروائی جاری رکھی۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی نے ایوان میں خیبر پختونخوا یونیورسٹیز ترمیمی بل 2015 پیش کیا جس میں وائس چانسلر سے لیکر کلاس فور ملازمین کی بھرتیاں میرٹ پر اور دیگر مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کی گئی ہے۔ ایوان نے بل کو اپوزیشن کی ترامیم کے ساتھ پاس کرلیا۔ بعد ازاں سپیکر نے اجلاس کی کاروائی پیر کے روز دو پہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی۔