اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے نئے نامزد ہونے گورنر رفیق راجوانہ نے کہا ہے کہ آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور حکومت سے مل کر عوام کے مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا‘ آئین میں گورنر کا کردار واضح ہے‘ جنوبی پنجاب کی عوام کی محرومیوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے اندر رہ کر کوشش کروں کا کہ صوبے کی عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کروں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں بہت سارے ترقیاتی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے جن میں خاص طور پر صحت اور تعلیم کے شعبے نمایاں ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا گورنر پنجاب منتخب ہونا جنوبی پنجاب کی نمائندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں کوشش کروں گا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکوں۔ جوڈیشل کمیشن کے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر کام ہو رہا ہے اور جوڈیشل کمیشن جو بنا ہے اسی کا حصہ ہے۔