کراچی(نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی نے پیمرا سے کہا ہے کہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف یکطرفہ اور ہتک آمیز لائیو پروگرام کو روکے کیونکہ یہ پروگرام پیمرا کے اپنے قوانین اور آئین کی خلاف ورزی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے یہ مطالبہ پیمرا کے نام ایک خط میں کیا جو پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سینیٹر تاج حیدر نے لکھا ہے۔ اس خط میں پیمرا کی توجہ اس جانب دلائی گئی ہے کہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا تسلسل کے ساتھ پیپلزپارٹی کی قیادت کے خلاف ہتک آمیز اور جھوٹے الزامات ٹیلی ویژن چینلوں پر لگا رہے ہیں اور اسے روکنے کی کوئی کوشش نہیں کی جا رہی۔ یہ خط پیرکو سینیٹر تاج حیدر اور سینیٹر کریم خواجہ نے چیئرمین پیمرا سے ملاقات کرکے ان تک پہنچایا۔ لیٹر میں کہا گیا ہے کہ یہ الزامات یکطرفہ اور بے بنیاد ہیں اور جو زبان استعمال کی جا رہی ہے وہ اخلاق سے گری ہوئی ہے۔ ان الزامات کا کوئی ثبوت بھی نہیں دیا جاتا اور جو کچھ دکھایا جا رہا ہے وہ پیمرا کے ضابطوں کے خلاف ہے اور اسے روکا جانا چاہیے۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ ٹیلی ویژن چینلوں کو بھی یہ بات یقینی بنانی چاہیے کہ ان کا پلیٹ فارم کسی کی ہتک ِ عزت کے لئے استعمال کیا جائے۔ تاج حیدر نے پیمرا سے کہا ہے کہ اس معاملے کا نوٹس لے اور سات دنوں کے اندر ضروری اقدامات لے اور اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو ہو ضروری قانون اقدام کریں گے۔