لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے درمیان وجہ تنازعہ سامنے آ گئی جو رفیع اللہ خان نامی ایک شخصیت تھی جنہوں نے پارٹی الیکشن کیخلاف انٹر اپارٹی ٹربیونل میں پٹیشن دائر کی تھی ۔ایک رپورٹ کے مطابق عمران خان کی ایماءپر جسٹس (ر)وجیہہ الدین کو 20اپریل کو لکھا گیا خط سامنے آ گیا ہے جو در اصل عمران خان نے نہیں بلکہ انکی مرضی سے پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے لکھا اور انٹر ا پارٹی ٹربیونل کے سربراہ کو رفیع اللہ خان کی پٹیشن سننے سے منع کیا ۔ پارٹی پیڈ پر لکھے گئے خط میں موقف اپنایا گیا تھاکہ رفیع اللہ خان دوغلے کردار کا حامل شخص ہے ، اس نے پارٹی فنڈ میں خرد برد کر کے دس گاڑیاں خرید کر اپنے نام کر الیں۔ اس خط کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جسٹس (ر)وجیہہ الدین نے ٹربیونل کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے پٹیشن سننے کا فیصلہ کیا جس پر عمران خان ناراض ہو گئے اور انہیں عہدہ چھوڑنے کا حکم دیتے ہوئے ٹربیونل ہی ختم کر دیا۔