کراچی ( نیوز ڈیسک)سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کی جس کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کی تنظیم نو اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری آج کل پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیم نو میں مصروف ہیں ، وزیر اعلیٰ ہاؤس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پیپلز پارٹی سندھ کی تنظیم نو کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا۔ انہوں نے سندھ کابینہ کی مختلف وزارتوں میں ردوبدل پر بھی بات کی۔ ذراِئع کے مطابق امکان ہے کہ سندھ کی کابینہ میں آئندہ چند دنوں میں تبدیلیاں کر دی جائیں گی۔ دونوں رہنماؤں نے سندھ کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔