اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فاٹا میں دہشت گردوں کا تعاقب کرتے رہیں گے اور دہشت گردی کا خاتمہ ہمیشہ کیلئے یقینی بنایا جائے گا۔پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بہاولپور کنٹونمنٹ کا دورہ کیا جہاں فوجی افسروں او جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افسران کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی، پاکستان کے اندر اور باہر قیام امن ہماری ترجیح ہے۔آرمی چیف کا کہنا تھا کہ فاٹا میں دہشت گردوں کا تعاقب کرتے رہیں گے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پرامن ماحول اولین ترجیح ہے، ضرب عضب کے باعث ملک میں استحکام لوٹ آیا ہے اور اب فاٹا میں موجود دہشت گردوں کے ملک بھر سے رابطے بھی ختم کئے جا رہے ہیں۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنا ناممکن نہیں تاہم کوئی بھی چیلنج پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ نہیں بن سکتا اور ہمیں ہر صورت پاکستان کو لے کر آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان کے نوجوان ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔