کراچی ( نیوزڈیسک)متحدہ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے تنقید پر کوئی اعتراض نہیں ، جھوٹے اور بے بنیاد الزامات نہ لگائے جائیں ، پشاور میں تباہی سے ہلاکتوں پر افسوس ہے ، وفاقی ،صوبائی حکومت متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پرمدد کرے۔جناح گراؤنڈ کراچی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ آنے والی پریشانیوں ، مشکلات کا سامنا ہمت اور جرات کیساتھ کرنا ہے۔ دوسری جماعتیں بھی متحدہ کے مینڈیٹ کو تسلیم کریں ،تنقید پر کوئی اعتراض نہیں ،جھوٹے اور بے بنیاد الزامات نہ لگائے جائیں۔ الطاف حسین نے پشاور میں طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر رابطہ کمیٹی اور اپنی طرف سے دلی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی ، صوبائی حکومت متاثرین کی ہنگامی بنیادوں پر مدد کرے۔ الطاف حسین نے چند نصیحتیں کیں جن میں بچوں سے کہا کہ وہ بغیر نقل کے امتحان دیں ، اساتذہ اور ماؤں ، بہنوں کا احترام کریں ، کارکن گٹکا اور دیگر نشہ آور چیزیں کھانا چھوڑ دیں ، بے روزگار نوجوان کوئی ٹھیلا لگا لیں مگر چوری یا سٹریٹ کرائم کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انھوں نے اراکین رابطہ کمیٹی ، منتخب ممبران کو بھی نصیحتیں کیں اور فوری طور پر ممبر سازی شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔