پشاور (نیوزڈیسک) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء اسفند یار ولی خان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چینی صدر کا دورہ پاکستان خوش آئند ہے لیکن چند مخصوص علاقوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے پاک چائنا راہداری منصوبے کا روٹ تبدیل کیا جا رہا ہے۔ معاشی سرگرمیوں کا نہ ہونا انتہاء پسندی کا بڑا عنصر ہے۔ شدت پسندی سے سب سے زیادہ متاثرہ فاٹا کا ذکر تک منصوبے میں نہیں ہے۔ اسفند یار ولی کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن صوبے کے حقوق کے لئے ہر سیاسی جماعت کے ساتھ کھڑے ہونے کو تیار ہیں۔ اب بھی تاخیر نہیں ہوئی، وزیراعظم پاک چائنا اقتصادی راہداری منصوبے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیں۔ پرانے روٹ کی بحالی تک آئینی، قانونی اور سیاسی محاذپر صوبے کے حقوق کا دفاع کریں گے۔ اے این پی رہنماءکا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ اے این پی کا وفد پاکستان میں تعینات چینی سفیر کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کر سکے۔