اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو نے آصف زرداری کی انتخابی اصلاحات اور چینی منصوبوں پر ہم آہنگی پیدا کرنے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات سے آئندہ انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف منعقد کرانے میں بڑی مدد ملے گی جس سے جمہوریت کا مستقبل محفوظ ہو گا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ سابق صدر نے اپنے دور صدارت میں چین کے کئی دورے کئے جس میں چین اور پاکستان کے درمیان علاقائی راہداری کی اہمیت کو اجاگر کیا تاکہ پاکستان علاقائی تجارت سے وسیع پیمانے پر فائدے حاصل کرسکے۔انہوں نے کہا کہ چین کا حالیہ اقتصادی پیکج آصف زرداری کی کوششوں کا بھی نتیجہ ہے جو انہوں نے اپنے دور صدارت میں کی تھیں۔ منظور وٹو نے بینظیر بھٹو کی لیڈر شپ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے میثاق جمہوریت کے تحت مفاہمتی اور برداشت کی پالیسی کو متعارف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری انہی پالیسیوں پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ملک میں جمہوریت کو بچانے میں کامیاب رہے۔