لاہور ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب میں گندم کی کٹائی کا افتتاح کر دیا ، کہتے ہیں رواں سال گندم کی ریکارڈ پیداوار کی توقع ہے جبکہ پٹرول کی قیمتیں کم ہونے سے کسان بھائیوں کو فائدہ ہوا۔ وزیر اعلٰی پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے واڑا اعوان میں گندم کی کٹائی کا افتتاح کیا۔ اس موقعہ پر محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب میں گندم کی خریداری کے 376 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال گندم کی ریکارڈ پیدوار ہوگی۔ انہوں نے کسانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کی۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رواں برس کسانوں کو مختلف فصلوں میں نقصان ہوا جس کا دلی افسوس ہے۔ رواں سال گندم کا ہدف چالیس لاکھ ٹن رکھا گیا جبکہ گندم کی قیمت 1300 روپے من مقرر کی ہے۔ وزیر اعلٰی نے بتایا کہ پنجاب میں پانچ ہزار ٹریکٹر چھوٹے کسانوں کے لیے مختص کر کے کسانوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے۔ گندم کی فصل کے لیے کسانوں نے مزید محنت کی ہے عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں کمی سے کسانوں کو بھی فائدہ ہوا ۔