کراچی(نیوز ڈیسک )سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے قائداعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947 کو پاکستان کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو نصاب میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ اعلان انھوں نے پیر 23 مارچ کو یوم قرارداد پاکستان کے روز کیا۔ترجمان سینئر صوبائی وزیر تعلیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق نثارکھوڑو نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی تقریر کو سابق صدر پاکستان اصف علی زرداری کی ہدایت پر نصاب میں شامل کررہے ہیں،انھوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کی وہ تقریر اٹھویں جماعت سے لیکر دسویں جماعت کے نصاب میں ترمیم کرکے شامل کی جارہی ہے، وہ ترمیمی نصاب ائندہ سال طلبا وطالبات کے ہاتھوں میں ہوگا، انھوں نے کہا کہ تعلیم اب صوبائی معاملہ ہے اور سندھ کو اپنا نصاب تیار کرنے کا حق حاصل ہے اس لیے سندھ صوبہ قائداعظم محمد علی جناح جیسی شخصیت کی تقریر کو بھی نصاب میں شامل کرنے جارہا ہے تاکہ طلبا وطالبات کو تاریخ سے بھی ا گاہی مل سکے، انھوں نے کہا کہ نصاب میں یہ تاریخ شامل ہونے سے طلبا وطالبات کو مستقبل کیلیے رہنمائی حاصل ہوگی۔