اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے پاکستان کو اسلامی دنیا کے لیے انتہائی اہم ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ
پاکستانی اور ایرانی عوام کے درمیان محبت اور باہمی تعلقات دنیا میں منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران محسن رضائی نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، جبکہ پاکستانی حکومت، مسلح افواج اور عوام اسلامی دنیا کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ایرانی عہدیدار نے مسلم ممالک کے درمیان اتحاد اور مشترکہ تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب، مصر اور انڈونیشیا جیسے اہم اسلامی ممالک کو باہمی تعاون کے ذریعے آگے بڑھنا چاہیے۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان اور ایران کے تعلقات میں مزید بہتری اور مضبوطی آئی ہے۔ دونوں جانب سے باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔



















































