ہری پور (این این آئی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں افواج پاکستان کا زور دار مکا مودی سرکار کو کبھی نہیں بھولے گا،شہدا کی عزت و تکریم ہمارا فرض ہے اگر کوئی ان کا مذاق اڑائے اور تضحیک کرے تو نہ دنیا میں اس کو عزت ملے گی نہ اللہ معاف کرے گا،نوجوان ملک کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے نوجوانوں کو چین اور یورپ بھجوایا جائے گا، معیشت منجدھار سے نکل آئی ہے،ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے، اب گروتھ کی طرف بڑھنا ہے، ترقی اور خوشحالی کا سفر تمام صوبوں پر منحصرہے، چاروں صوبے مل کر ترقی کریں گے تو پاکستان عظیم ملک بنے گا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں یونیورسٹی آف ہری پور میں پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام ،وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور رکن قومی اسمبلی بابرنواز خان بھی موجود تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت پردلی خوشی ہو رہی ہے، خیبر پختونخوا کے عوام بہت دلیر اور غیور ہیں، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس کے افسران اور جوانوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت پاکستان قائم اور دائم ہے، تاریخ ان عظیم قربانیوں کو کبھی بھلا نہیں پائے گی، قیامت تک ان عظیم قربانیوں کو سنہرے حروف سے یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے عظیم بچے اور بچیاں،ان کے والدین اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں، یہ ہونہار طلبا و طالبات قوم کے ہیروز ہیں جو قوم کے عظیم معمار بننے جا رہے ہیں اور یقینا پاکستان کی تقدیر کی کنجی ان کے ہاتھ میں ہے ،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ملک کی نوجوان نسل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین سے میرٹ پر ایک ہزار طلبہ و طالبات زرعی شعبے کی اعلی تربیت حاصل کر کے آئے ہیں،جب میں خادم اعلی پنجاب تھا تو 600 طلبہ و طالبات کو چینی زبان سیکھنے کے لیے سرکاری خرچ پر چین بھجوایا تھا اور صرف پنجاب کے بچے اور بچیاں ہی ایسے پروگراموں میں شامل نہیں ہوتے تھے بلکہ پورے ملک کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا اور انہیں میرٹ پر لیپ ٹاپ اور وظائف دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا، ملک بھر سے پنجاب ایجوکیشن انڈونمنٹ فنڈ سکیم سے مستفید ہونے والے لاکھوں بچے اور بچیاں الحمدللہ ڈاکٹرز،انجینئرز،لیکچررز اور ٹیچرز بن گئے ہیں اور اس میں پورے ملک کے طلبہ و طالبات کے لیے کوٹہ مقرر کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر کسی ایک یا دو صوبوں پر منحصر نہیں ہے بلکہ چاروں صوبے مل کر جب ترقی کریں گے تو پاکستان عظیم ملک بنے گا ،یہ کام انشا اللہ محنت ، امانت ، دیانت بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق سے ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں 6 اور 10 مئی کے دوران بھارت کو افواج پاکستان کا زور دارمکا پڑا،قوم کی دعائوں سے مودی سرکار کو وہ سبق سکھایا گیا جو اسے کبھی نہیں بھولے گا، اللہ تعالی نے قوم کو عظیم فتح نصیب کی جس سے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے، لیپ ٹاپ سے کوویڈ کے دوران نوجوانوں نے بھرپور استفادہ کیا، لیپ ٹاپ سکیم کی وجہ سے مجھ پر تنقید کے نشتر بھی چلائے گئے لیکن میرا ضمیر بہت مطمئن تھا کیونکہ چھ لاکھ لیپ ٹاپ مکمل شفافیت کے ساتھ میرٹ پر تقسیم کیے گئے ہیں، کوویڈ میں عظیم بچے اور بچیاں نہ صرف اسی لیپ ٹاپ سے تعلیم حاصل کرتے رہے بلکہ ہزاروں بچے اور بچیاں اپنی آمدنی کما رہے ہیں اورپاکستان کی برآمدات میں اضافہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کی تربیت کے لیے طلبہ و طالبات کو چین اور یورپ بھجوایا جائے گا،معیشت منجدھار سے نکل آئی ہے،ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے، اب معیشت میکرو لیول پر مستحکم ہے، گروتھ کی طرف بڑھنا ہے، انڈسٹری،زراعت، آئی ٹی، معدنیات ،ملازمت کے مواقع، ایمپلائمنٹ پروڈکٹیوٹی آپس میں جڑی ہوئی ہیں۔وفاقی حکومت ،صوبائی حکومتیں اور عوام مل کر اگر فیصلہ کر لیں تو ملک تیزی سے ترقی کرے گا اور پاکستان معاشی طور پر اقوام عالم میں اسی مقام پر پہنچے گا جس پر ہم عسکری طور پر پہنچے ہیں مگر یہ کام جادو ٹونے سے نہیں ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والوں میں شہدا کے بیٹے بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کو یتیم کر دیا لیکن قوم کے لاکھوں بیٹے بیٹیوں کو یتیم ہونے سے بچایا۔ قوم کے لیے اس سے بڑی قربانی دنیا میں اور کوئی نہیں ہو سکتی ،شہدا کی عزت و تکریم ہمارا فرض ہے اور اگر کوئی ان کا مذاق اڑائے اور تضحیک کرے تو نہ تو دنیا میں اس کو عزت ملے گی نہ اللہ تعالی معاف کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ آج ملک کو چیلنجوں کا سامنا ہے ،اگر سب اتحاد کا مظاہرہ کریں تو پاکستان معاشی اور سماجی لحاظ سے دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر لے گا۔وزیراعظم نے ہری پور کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان ،کیپٹن (ر)محمد صفدر اور مسلم لیگ ن کی قیادت کو مبارکباد دی،ہری پور میں دانش سکول کے قیام،طالبات کے لیے الگ کیمپس قائم کرنے اور عوام کے دیرینہ مطالبے پر پل کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ وہ پلاٹوں کریسی پر یقین نہیں رکھتے،پلاٹوں کے حوالے سے جن کا حق ہوگا ان کو ملے گا، اس کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی جو شفافیت سے فیصلے کرے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم میرٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں، ان کا ایک ہی پیغام ہے کہ قابلیت کو ترجیح دے کر میرٹ کو مقدم رکھا جائے، وزیراعظم نوجوانوں کو باختیار بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبے یکساں ترقی کریں گے تو ملک خوشحال ہوگا۔ رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل تابناک ہے، نوجوانوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی وزیراعظم کا وژن ہے، ہری پور کے عوام وزیراعظم شہباز شریف کی طرف دیکھ رہے ہیں، ہمارا علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے، ہری پور یونیورسٹی میں خواتین کے لیے الگ کیمپس کے بھی اعلان ہونا چاہیئے ۔وفاقی وزیر امور کشمیر گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، لیپ ٹاپ سکیم کے تحت شفافیت کے تحت میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں، ہری پور میں کے عوام کو دانش سکول کا تحفہ بھی ملنا چاہئے۔قبل ازیں وزیراعظم نے ہونہار طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ سے تقسیم کیے۔اس موقع پر لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ و طالبات غالب حسن ،ماہم بتول، وریشہ ایمان اور ایمل عباس نے بھی اظہار خیال کیا اور لیپ ٹاپ دینے پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔وزیراعظم نے ہونہار طلبہ و طالبات کو پیار کیا۔اس موقع پر خیبر پختونخوا پولیس دستے نے ہونہار طلبہ و طالبات کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔















































