اسلام آباد (نیوز ڈیسک) – سینیٹر فیصل واوڈا نے خبردار کیا ہے کہ اگر “مائنس ون” قبول نہ کیا گیا تو پوری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایکشن پر ڈبل ری ایکشن ہوگا اور پارٹی کے اندر اقتدار اور مالی مفادات کی جنگ جاری ہے۔
نجی ٹی وی ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے بعد کئی لوگ سرنڈر کر چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں نے وہ کام کر دکھایا جو حکومت کے علم میں نہیں تھا، اور انہوں نے واضح کر دیا کہ ملاقات نہ ہونے کی صورت میں بانی فرسٹریٹ ہو جاتے ہیں۔
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ پارٹی کی مقبولیت ختم ہو چکی ہے اور کچھ لوگ ملک سے محبت کے بجائے صرف اقتدار اور پیسے کی دوڑ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اب برداشت کا وقت ختم ہو چکا ہے اور پارٹی میں ایک نیا سیاسی رویہ سامنے آیا ہے جس میں اب کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
سابق پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پیر سے ترقیاتی اقدامات شروع ہوں گے اور پارٹی کے اندر اختلافات کا تصفیہ کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ اب کوئی بھی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر سخت اقدامات کیے جائیں گے۔
فیصل واوڈا نے کہا، “مائنس ون قبول کریں اور گھر جائیں، ہم آج تک برداشت کر کے ہی یہاں تک پہنچے ہیں۔”



















































