پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا میں حزب اختلاف کی جماعتیں وزارت اعلیٰ کے لیے امیدوار لانے میں تقسیم کا شکار ہو گئیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی خواہش ہے کہ اپنا امیدوار لایا جائے جبکہ جمعیت علمائے اسلام بھی اپنا امیدوار لانے کے لیے متحرک ہے، اپوزیشن جماعتوں کو متفق کرنے کے لیے سیاسی رہنماؤں نے کوششیں تیز کر دیں۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر آج جمعیت علمائے اسلام کے اہم رہنماؤں سے رابطہ کریں گے، گزشتہ روز بھی اپوزیشن لیڈر نے گورنر اور مولانا عطا الرحمان سے مشاورت کی تھی۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر کی خواہش ہے کہ متفقہ طور پر تمام اپوزیشن جماعتیں ایک ہی امیدوار کو نامزد کریں۔دوسری طرف خیبرپختونخوا کے مستعفی وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے آج شام اہم اجلاس طلب کرلیا، اجلاس میں پی ٹی آئی اراکین اسمبلی اور رہنماؤں کو طلب کیا گیا، اجلاس وزیر اعلیٰ ہائوس میں ہوگا۔اجلاس سے علی امین گنڈاپور الوداعی خطاب کریں گے،وہ گزشتہ روز ہی آبائی گاؤں ڈی آئی خان جا رہے تھے، قریبی ساتھیوں نے نہ جانے کا مشورہ دیا تھا، آج خطاب کے بعد رخصتی ہوگی۔یاد رہے کہ سلمان اکرم راجہ نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ سے ہٹائے جانے سے متعلق خبر کی تصدیق کی تھی کہ عمران خان نے علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ طلب کرکے سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کر دیا ہے۔