مظفرآباد(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر حکومت سے علیحدگی کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق وزیراعظم انوارالحق کی حکومت کے ساتھ مزید اتحاد اب ممکن نہیں رہا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی مرکزی قیادت کا کہنا ہے کہ پارٹی خطے کی سب سے بڑی پارلیمانی جماعت ہے اور اب وہ آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
چوہدری یاسین کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی اپنی آئندہ حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے آج کراچی میں خصوصی اجلاس بلائے گی، جس کی صدارت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خود کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق کراچی اجلاس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا پیپلز پارٹی حکومت میں بیٹھے گی یا اپوزیشن کا کردار اپنائے گی۔ اگر حکومت سازی کی کوششیں کامیاب رہیں تو چوہدری یاسین وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہوں گے۔