اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر، جنید اکبر، نے کہا ہے کہ اگر پارٹی کے بانی عمران خان نے ان کی بات نہ مانی تو وہ صدارت چھوڑ دیں گے۔ مردان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ وہ ایک سیاسی کارکن ہیں اور سیاسی نوکر نہیں، وہ ہمیشہ صحیح اور غلط کو واضح طور پر بیان کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر عمران خان نے ان کی بات نہ سنی تو وہ پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دے دیں گے۔
جنید اکبر نے کہا کہ پارٹی میں چوروں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی، اور وہ سیاست کو کاروبار نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ہر کارکن کی رپورٹ بانی پی ٹی آئی تک پہنچائیں گے۔جنید اکبر نے یہ بات بھی واضح کی کہ جب تک عمران خان کا اعتماد وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور پر برقرار ہے، وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ادارے ہمارے اپنے ہیں اور ان کی مضبوطی ہی ملک کی طاقت ہے۔ جنید اکبر نے تسلیم کیا کہ ماضی میں کچھ غلطیاں ہوئی ہیں، اور وہ اس کا خمیازہ بھگت رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لاشیں اٹھائیں اور زخمیوں کو سہارا دیا، پھر بھی ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عدالتی تحقیقات کی جائیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو پارٹی کی صوبائی صدارت سے ہٹاتے ہوئے جنید اکبر کو اس عہدے کی ذمہ داری سونپی تھی۔