اسلام آباد(این این آئی)26ویں آئینی ترمیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے بند کمرہ اجلاس میں خیبر پختونخوا کا نام تبدیل کرکے صرف پختونخوا رکھنے کی متفقہ تجویز دی گئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق ذرائع نے بتایاکہ خیبر پختونخوا کے نام میں ترمیم کی تجویز عوامی نیشنل پارٹی نے پیش کی، ابھی تک کسی بھی پارٹی نے اس تجویز کی مخالفت نہیں کی۔کمیٹی میں آئینی مسودہ پر مزید مشاورت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے، آئینی ترامیم کمیٹی کی سب کمیٹی دو روز میں حتمی رپورٹ کمیٹی میں پیش کرے گی، ذیلی کمیٹی دو دن میں حتمی مجوزہ ڈرافٹ تیار کرے گی
۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اپنی ترامیم کا ڈرافٹ جے یو آئی سے شیئر کرے گی۔چیئرمین کمیٹی خورشید شاہ نے کہا کہ وزیر قانون تمام جماعتوں سے مشاورت مکمل کرکے مسودے کو حتمی شکل دیں۔کمیٹی اجلاس میں پی ٹی آئی چئیرمین بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، عرفان صدیقی، راجہ پرویز اشرف، راجہ ناصر عباس اور صاحبزادہ حامد رضا نے شرکت کی اس کے علاوہ فاروق ستار، اعجاز الحق، ایمل ولی خان، شیری رحمان، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، خالد مگسی، سینیٹر جان محمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔تحریک انصاف کے علی ظفر بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔