اسلام آباد (این این آئی)وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سٹیٹ بینک ایکٹ میں ترامیم ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سٹیٹ بینک پاکستان کا بینک ہے عالمی ادارے کا نہیں ہے، سٹیٹ بینک ایکٹ میں ایسی ترامیم ہوئیں جو ریاست کے اندر ریاست کوظاہر کرتی ہیں،آئی ایم ایف ہمارا وقت ضائع کر رہا ہے، ہمارے خلاف جیو پولیٹکس ہو رہی ہے،آئی ایم ایف چاہتا ہے پاکستان سری لنکا بنے پھر ہم مذاکرات کریں، ہم نے فیصلہ کرنا ہے آئی ایم کے ساتھ یا اس کے بغیر زندہ رہنا ہے۔۔
سینیٹرسلیم مانڈوی والا کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔وزیر خزانہ نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی مالیاتی فنڈ یہ چاہتا ہے کہ ہم کسی شعبے میں بالکل ٹیکس استثنیٰ نہ دیں، لیکن ہم آئی ایم ایف کو اس سے متفق ہونے کیلئے بریفنگ دیں گے، آئی ٹی انڈسٹری کو ٹیکس چھوٹ دینا ضروری تھا، بھارت نے ہر ریاست میں اس سیکٹر کو ٹیکس چھوٹ دی ہوئی ہے، ہم بھی ایک خود مختار ملک ہیں، ہمیں اتنا حق تو ہم اپنے فیصلے خود کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف کی ہر بات نہیں مان سکتے، ہمیں پتا ہے کہاں سے کتنا ٹیکس اکٹھا کرنا ہے، آئی ٹی کی ترقی سے نوجوانوں کو روزگار دینا چاہتے ہیں، آئی ایم ایف کے کہنے پر نوجوانوں کو آئی ٹی میں رعایت دینے پر پابندی عائد نہیں کر سکتے، ٹیکس چھوٹ نہیں دیں گے تو شرح نمو کیسے بڑھے گی، اگر آئی ٹی میں روزگار نہیں بڑھائیں گے تو کیا 0.29 فیصد شرح نمو پر رہیں، ریونیو نہیں آئے گا تو ملک کیسے چلے گا۔وزیرخزانہ نے کہا کہ سٹیٹ بینک ایکٹ میں ترامیم کی گئیں وہ ناقابل برداشت ہیں، سٹیٹ بینک پاکستان کا بینک ہے کسی عالمی ادارے کا نہیں ہے،
اس میں ایسی ترامیم ہوئیں جو ریاست کے اندر ریاست کوظاہر کرتی ہیں، یہ ترامیم اسٹیٹ کے اندر اسٹیٹ کی طرف لے گئیں، اسٹیٹ بینک ایکٹ میں ترامیم کی ہیں لیکن ابھی مکمل نہیں ہوئیں۔اسحاق ڈار نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہم نے ایک ہی پروگرام 2013 سے 16 کے درمیان مکمل کیا، موجودہ حکومت کی کابینہ میں شامل ہونے اور ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد میں آئی ایم ایف ٹیم کو پاکستان آنے کا کہا اور 3ماہ ان کا انتظار کیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ 31جنوری کو آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچا، ہم مذاکرات ہونے کے بعد پریس ریلیز کا انتظار کرتے رہے،
رات کو مذاکرات ختم ہونے کے بعد صبح 4بجے ہمیں پریس ریلیزملی لیکن اس میں آئی ایم ایف کی جانب سے کچھ بھی واضح نہیں بتایا گیا تھا، فروری سے لے کر آج تک پروگرام نہ ہونے کی کوئی ٹھوس وجوہات نہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے کہا آئی ایم ایف کو کہا کہ 9واں رویو مکمل اور 10واں رویو شروع کریں تو بجٹ نمبرز دیں گے، ہم نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجٹ تیار نہیں کیا، وزیراعظم کے کہنے پر پھر نمبرز شیئر کئے گئے، ہماری چھوٹی سی بات بھی انہیں پسند نہیں آتی، ہمیں کہا گیا ڈالر ریٹ کو مارکیٹ بیسڈ کر دیا جائے اور بلیک مارکیٹ کے ریٹ کو نافذ کیا جائے، دوسرا ہمیں بیرونی فنانسنگ کا بھی کہا گیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ 30جون تک 6ارب ڈالرز پر آئی ایم ایف بضد ہے، ہم نے اعداد وشمار کے ذریعے ثابت کیا کہ اس وقت گیپ 3ارب ڈالرز کا ہے جس کی گارنٹی ہم نے آئی ایم ایف کو دی ہوئی ہیں، لیکن آئی ایم ایف ہمارا وقت ضائع کر رہا ہے، ہمارے خلاف جیو پولیٹکس ہو رہی ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، آئی ایم ایف چاہتا ہے کہ پاکستان سری لنکا بنے اور پھر ہم مذاکرات کریں، ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ آئی ایم کے ساتھ یا اس کے بغیر زندہ رہنا ہے۔وزیرخزانہ نے کمیٹی کو بتایا کہ آئی ٹی کی برآمدات کو آئندہ پانچ سالوں میں 15ارب ڈالرتک لے کر جائیں گے،
زرعی شعبے کو آئندہ مالی سال 2250ارب روپے کے زرعی قرضے دیئے جائیں گے، رواں مالی سال 1750ارب روپے کے زرعی قرضے اب تک جاری کئے جاچکے ہیں، ٹیکس ہدف 7200ارب سے بڑھا کر 9200ارب روپے رکھا ہے، یہ ہدف ٹیکس چھوٹ کے علاوہ ہے، ٹیکس چھوٹ والے شعبوں سے کوئی بجٹ نہیں آ رہا، آئی ایم ایف کو اس پر اعتماد میں لیں گے۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ روس سے بارٹر ٹریڈ میں تیل شامل نہیں ہے، ہم نے اب روس سے تیل منگوا لیا ہے اور اس حوالے سے جی سیون ممالک کو مطمئن کیا ہے اور کہا اگر دیگر ممالک تیل لے سکتے ہیں تو ہم کیوں نہیں؟، روس کو چینی کرنسی میں ادائیگیاں کی جائیں گی۔