لاہو ر( این این آئی)نگران صوبائی وزیراطلاعات عامرمیرنے کہاہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی 48 گھنٹے تک جھوٹ نہ بولیں تو انکے پیٹ میں مروڑ پیدا ہو جاتا ہے،باورچی عبدالرحیم موت وحیات کی کشمکش میں ہونے کا دعوی جھوٹا ہے، قاسم کے ابا کے الزامات کو بے نقاب کریں گے،پنجاب میں تین نئی جیلیں بنانے کی منظوری دے دی گئی ، الیکشن کمیشن جب کہے گا ہم الیکشن کرا دیں گے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے ڈی جی پی آرمیں نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کے ہمراہ ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس موقع پر ایم ایس سروسزہسپتال ڈاکٹراحتشام الحق اور سروسزہسپتال کے نیورولوجی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پروفیسرقاسم بشیر بھی موجودتھے۔نگران صوبائی وزیراطلاعات عامرمیر نے پریس کانفرنس کا مقصدقاسم کے اباکی جانب سے بولے گئے ایک تازہ جھوٹ کوبے نقاب کرناہے۔موصوف نے حسب روایت سانحہ 9مئی کے ماسٹرمائینڈہونے کے باوجود آج پھریہ جرات کی ہے کہ ایک اور جھوٹ ٹکادیاہے۔ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ دعوی کیاگیاہے کہ ان کی ہمشیرہ کے ڈرائیوراور باورچی رحیم کواٹھاکرقیدکیاگیاہے اور جب وہ واپس لوٹاہے تو وہ وینٹی لیٹرپرہے اور موت وحیات کی کشمکش میں ہے۔ بڑامسئلہ اس وقت یہ ہے کہ خان صاحب جب تک جھوٹ نہ بولیں ان کے پیٹ میں مروڑاٹھتے ہیں۔
ان مروڑوں کے علاج کیلئے جب وہ جھوٹ بولتے ہیں تووہ اتناکچاہوتاہے کہ فورا پکڑاجاتاہے۔اب میں آپ کو خان صاحب کے تازہ جھوٹ کے بارے میں حقائق بتانا چاہتا ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ خان صاحب کی ہمشیرہ کا ڈرائیوراور باورچی رحیم کبھی بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتارنہیں ہوا اورنہ ہی وہ کبھی مطلوب تھا۔ویسے بھی یہ شخص 18مئی سے یعنی تین ہفتوں سے سروسزہسپتال لاہورمیں زیرعلاج ہے۔اس کا علاج کرنے والے ڈاکٹرزمیرے ساتھ بیٹھے ہیں اور نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم اس کا ایک گھنٹہ معائنہ کرکے آئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق رحیم کے جسم پر کسی قسم کا کوئی تشددکا نشان نہیں ہے۔حقیقت یہ ہے کہ عبدالرحیم ولدمحمد احمدشدیدبخارکی وجہ سے سرجی میڈہسپتال لاہورمیں گیاتھا۔وہاں پرڈاکٹرنے مریض کو گردن توڑبخار ہونے کی تشخیص کی تھی۔اس کے بعد مریض نے علاج مہنگاہونے کے باعث سروسزہسپتال لاہورکارخ کرلیا۔مریض کوسروسزہسپتال کے نیورولوجی وارڈمیں ریفرکیاگیاتھا۔لیکن جب اس کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی تو اسے آئی سی یووارڈمیں شفٹ کردیاگیاتھا۔
مریض اس وقت وینٹی لیٹرپرہے اور23مئی سے وینٹی لیٹرپرہے۔مریض کو وینٹی لیٹرپربھی20دن ہوچکے ہیں اور آج خان صاحب کو یادآیاکہ دوتین روزگزرگئے ہیں کوئی جھوٹ نہیں بولاتویہ بول دیتے ہیں۔خان صاحب نے یہ جھوٹ بھی کچابولاہے اور اسکا بنیادی مقصدبھی عوام کوگمراہ کرنااورپنجاب کی نگران حکومت کے خلاف نفرت پیداکرناہے۔آپ کو یاد ہو گا کہ اس سے پہلے بھی قاسم کے ابا اس طرح کے کئی بے بنیاد جھوٹ بول چکے ہیں۔
جس میں ایک جھوٹ 9مئی کو خان صاحب کی ایما پر ملٹری تنصیبات پرحملوں کے دوران فائرنگ سے 25لوگوں کا مارا جانا ہے۔ آج ایک ماہ سے زیادہ ہوگیاہے خان صاحب سے باربارمطالبہ کررہاہوں کہ خان صاحب 25لوگوں کے نام پبلک کریں لیکن آج تک وہ ایک نام بھی نہیں بتاپائے اور پھرنہایت بے شرمی اور بڑی ڈھٹائی کے ساتھ انہوں نے دس روزقبل یہ ٹویٹ کی کہ میں بڑاشکرگزارہوں اپنے سپورٹرزکا جنہوں نے 25شہدا کے خاندانوں کیلئے ان کو 5,34,000ڈالرزعطیہ کئے ہیں۔یعنی شرم کی بات ہے کہ وہ لوگ جوکبھی مرے ہی نہیں تھے ان کے نام پرخان صاحب نے 5,34,000ڈالرزمزیدلوٹ لئے۔