اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر اسد عمرنے کہا ہے کہ فوج کی تعیناتی سمیت مضبوط نفاذ کے اقدامات سے ایس او پیز میں بہتری آئی ہے ۔سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) و وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا ایس او پیز پر
عملدرآمد کروانے کیلئے فوج کی تعیناتی سمیت مضبوط نفاذ کے اقدامات سے ایس او پیز میں بہتری آئی ہے۔اسد عمر نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر ایس او پیز کی تعمیل کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایس او پیز پر عمل پیرا ہونے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سطح پرایس او پیز کی اوسط تعمیل دگنی ہوئی ہے، قومی سطح پر ایس او پیز کی تعمیل 25 اپریل کو 34 فیصد تھی،3مئی کو 68 فیصد ہوگئی۔اسد عمر نے کہا کہ عید تک ایس او پیز کی تعمیل کی سطح کو برقرار اور استوار رکھنے کی ضرورت ہے۔اسد عمر ی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایس او پیز پر 3 مئی تک عملدرآمد سب سے زیادہ 88 فیصد وفاق میں ہوا ، سب سے کم ایس او پیز پر عمل درآمد سندھ میں 45 فیصد رہا۔اسد عمر نے کہا کہ پنجاب میں ایس او پیز پر69 ،کے پی میں 66 ، بلوچستان میں 63 فیصد عملدرآمد کیا گیا، دوسرے نمبر پر آزاد کشمیر میں ایس او پیز پر 82 فیصد عملدرآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں کورونا ایس او پر 62 فیصد عملدرآمد کیا گیا۔