کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا میں حکومتی ذرائع کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ تاجکستان کے دارالحکومت دو شنبے میں 30مارچ کوہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر کے درمیان ملاقات کا امکان
ہے۔روزنامہ جنگ میں رفیق مانگٹ کی خبر کے مطابق یہ کانفرنس افغانستان میں قیام امن اور اس کے مستقبل کے حوالے سے ہورہی ہے جس میں بھارت اور پاکستان سمیت پندرہ ممالک کے وزرا خارجہ شرکت کریں گے۔بھارتی حکام کے مطابق اس موقع پر دونوںممالک کے وزراخارجہ ملاقات کریں گے۔ دو دن قبل پاک فوج کے سربراہ جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت ماضی کو بھلا کرآگے بڑھیں۔اسی بیان کے تناظر میں دوطرفہ ملاقات کے لئے بھارت نے سفارتی اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ دونوں وزرا جلداز جلد ایک دوسرے کے ممالک میں سفیر وں کی بحالی کے معاملے پربات چیت شروع کریں گے۔سارک سربراہی کانفرنس کے اگلے دور کے ساتھ آگے بڑھنے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کرسکتے ہیں۔بھارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر سارک سربراہی اجلاس ہوا تو پھر بھارتی وزیراعظم نریندرمودی اجلاس میں شرکت کیلئے اسلام آباد جائیں گے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ دہلی اور اسلام آباد میں ذرائع دونوںوزراخارجہ کی ملاقات کے حوالے سے نہ تردید کررہے ہیں اور نہ ہی تصدیق۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے حالیہ بیانات کابھارت میں خیر مقدم کیا جارہاہے