لاہور (آن لائن) پنجاب اسمبلی میں دو حکومتی اراکین اسمبلی سید یاور عباس اور خیال کاسترو نے صوبائی وزارتوں کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب گزشتہ روز گورنر ہائوس لاہور میں منعقد ہوئی۔ جہاں گورنر پنجاب نے دونوں صوبائی وزراء سے ان کے عہدوں کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور صوبائی کابینہ کے ارکان نے شرکت کی۔ دونوں صوبائی وزراء کے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب کی صوبائی کابینہ کی تعداد 46 سے بڑھ کر 48 ہوگئی ہے۔ تاہم حلف اٹھانے والے دونوں صوبائی وزراء کو کن کن وزارتوں کا قلمدان سونپا جائے گا۔ اس پر مشاورت جاری ہے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت پنجاب کی چار وزارتیں وزراء سے خالی ہیں۔ ذرائع کی ہی مطابق سید یاور عباس کو صوبائی محکمہ داخلہ اور لوکل گورنمنٹ پنجاب کا قلمدان جبکہ خیال کاسترو کو سوشل ویلفیئر کا قلمدان سونپے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان سے کالونیز کی وزارت واپس لینے اور راجہ بشارت سے محکمہ داخلہ اور سوشل ویلفیئر کی وزارت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔