اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی اور تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اس وقت اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کرنے میں مصروف ہیں اور پیپلز پارٹی کو بہت جلدی اچھی خبر ملنے والی ہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اس وقت علیل ہیں جب کہ ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری فرنٹ فٹ پر کھیل رہے ہیں۔کہا جا رہا ہے کہ کیمرے سے دور آصف زرداری بیک ڈور پر کچھ ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔ اس وقت سابق صدر آصف علی زرداری ہی سب سے زیادہ مصروف ہیں۔آصف زرداری نے نواز شریف کو پیغام دیا ہے کہ وہ کن ثبوتوں کی بنا پر فوجی قیادت کا نام لے رہے ہیں۔عارف حمید بھٹی کا مزید کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نواز شریف سے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے معاہدے میں یہ تمام باتیں نہیں طے ہوئیں بلکہ ہمارا ہدف عمران خان ہیں۔ اگر نواز شریف کی بات حقائق کے بر عکس ہوئی اور ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ثابت ہوئی تو پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے اپنا راستہ الگ کر لے گی۔جب سے نواز شریف نے ادارے کے سربراہ کا نام لینا شروع کیا ہے تب سے پیپلز پارٹی خود خود کو پی ڈی ایم سے تھوڑا الگ رکھ رہی ہے۔
نواز شریف کراچی جلسے میں بھی اداروں کے خلاف گفتگو کرنے جا رہے تھے تاہم بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا اور کہا کہ ایسی کوئی تقریر نہ کی جائے جس سے اداروں کے ساتھ ٹکرائو ہو۔