راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس منگل کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی ،ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کورکمانڈرزکانفرنس میں جیواسٹریٹیجک اورنیشنل سیکیورٹی امورپربات چیت کی گئی۔کانفرنس میں ایل اوسی اورپاک افغان بارڈر کی صورتحال کے ساتھ ساتھ داخلی سیکیورٹی ماحول پربھی تفصیلی غور کیا گیا۔شرکاء نے افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت کوسراہا اور امید ظاہر کی کہ انٹرا افغان مذاکرات کا جلدانعقاد ہوگا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ،آرمی چیف نے کورونا وباء
اورٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سول انتظامیہ سے تعاون پراظہار اطمینان کیا۔ آرمی چیف نے پاک فوج کی فارمیشن کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر بھی اظہاراطمینان کیا۔اس موقع پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ محرم الحرام میں عوام کی سیکیورٹی اورتحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیں،کوروناکی روک تھام کیلئے گائیڈلائنزکویقینی بنایاجائے۔آرمی چیف نے سندھ اوربلوچستان میں سیلاب پر فورسز کے بروقت اور فوری ردعمل پرتعریف کی اور ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال کے پیش نظرہرممکن احتیاطی تدابیراختیارکی جائیں۔