اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین اس وقت انگلینڈ میں علاج کی غرض سے موجود ہیں ،انہوں نے لندن سے 60 میل دور اپنے کنٹری ہوم سے لندن کے چار دورے سینٹرل لندن میں ڈاکٹر کے پاس معائنے کیلئے کیے ، روزنامہ جنگ کے مطابق ان کی میڈیکل ہسٹری سے واقفیت رکھنے والے ایک ذریعے نے بتایا کہ وہ کئی برسوں سے اپنے علاج کیلئے اکثر لندن آتے رہے ہیں اور انہوں نے اپنی صحت پر توجہ دینے کیلئے لاک ڈائون دورانیے کا فائدہ اٹھایا۔
ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین کو کینسر کا عارضہ تھا جس سے وہ کامیابی سے صحتیاب ہو گئے تاہم ایک اور سنگین حالت کیلئے انہیں لندن میں ایک سپیشلسٹ سے باقاعدہ چیک اپ اور علاج کی ضرورت رہتی ہے۔ذریعے نے جہانگیرترین کی اس بیماری کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن تصدیق کی کہ یہ شدید نوعیت کی ہے اور اس کے مناسب علاج کی ضرورت ہے۔یاد رہے کہ شوگر کمیشن انکوائری رپورٹ آنے کے فوری بعد جہانگیر ترین لندن چلے گئے تھے۔