اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی حکومت کا 15 ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 15 ستمبر سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھول دئیے جائینگے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت کے شعبوں سے مشاورت کے بعد تعلیمی ادارے کھولیں گے، اگر اس وقت صحت کی صورتحال مناسب نہیں ہو گی تو تعلیمی اداروں کو مزید بند رکھا جا سکتا ہے۔ صوبوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنی ایس او پیز تیار کر کے بھیج دیں،وفاقی وزیر کی جانب سے تعلیمی اداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اساتذہ کو بلا کو ایس او پیز پر عمل کرنے کی پریکٹس کروائیں تا کہ جب سکول کھولے جائیں تو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وفاقی حکومت نے بھی ایس او پیز کے حوالے سے تجاویز تیار کر لی ہیں جو کہ تمام تعلیمی اداروں کے ساتھ شیئر کر دی جائیں گی، مشورہ دیا گیاہے کہ کلاسز کو تقسیم کر دیا جائے تا کہ بچوں کا رش نہ لگ سکے۔ بڑی کلاسز کو پہلے بلایا جائے، چھوٹی کلاسز کو ان کے بعد بلایا جائے۔واضح رہے کہ اس وقت چند نجی تعلیمی ادارے کھلے ہیںجو تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھےہوئے ہیں۔