اسلام آباد (این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب والے راضی نہیں ہوتے ہیں اور اب چیئرمین نیب میٹنگ کریں گے اور پھر مجھے گرفتار کروا دیں گے۔نیب آفس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب سیاسی طور پر استعمال ہورہا ہے، نیب نے ہمیں ایک اور سوالنامہ دیا ہے جس میں پوچھا ہے کہ ٹیکس ادا کرتے ہیں یا نہیں، میرے بچوں سے متعلق سوالات پوچھے ہیں، خوشی ہوئی کہ نیب نے ٹیکس سے متعلق بھی پوچھ ہی لیا۔انہوں نے کہا کہ نیب والے راضی نہیں ہوتے ہیں۔
اب چیئرمین نیب میٹنگ کریں گے اور پھر مجھے گرفتار کروا دیں گے، میں سال 2000 سے نیب کا گاہک ہوں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب نے اب ہمارے بیٹوں اور گھر والوں کو بھی نوٹسز بھیجنے شروع کردئیے ہیں، جب بھی اسمبلی میں یا کسی چینل پربولیں تو نیب بلالیتا ہے اور گھر بیھٹے رہیں تو نیب خاموش رہتا ہے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام کو نہیں پتا شہزاد اکبر کا ماضی کیا ہے، ان کی صورت میں عمران خان نے الزامات کا ایک ادارہ کھول رکھا ہے، اگر تحقیقات ہی کرنی ہیں تو لاہور میں ایک گھر بنا، کس کا بنا؟ کتنے میں بنا؟ تحقیقات کریں۔