اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں کورونا وائرس کے علاج کیلئے کلوروکوئن کی تیاری اور پلازمہ تھراپی کی اجازت دیدی گئی ہے۔وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کی ہدایت پر کورونا وائرس سے بچائو کیلئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے یہ اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ڈریپ نے کلوروکوئن کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری کی اجازت دے دی ہے، ڈریپ نے کورونا کے علاج کے لیے پلازمہ تھراپی کے کلینیکل ٹرائلز کی بھی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ڈریپ نے پاکستان میں تیار ہونے والے وینٹیلیٹرز کے کلینکل ٹرائلز کی اجازت بھی دے دی ہے۔وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی کے مطابق پاکستان انجینئرنگ کونسل کے تیار کردہ وینٹیلیٹرز کو استعمال سے پہلے ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈریپ کی جانب سے 50 سے زائد کمپنیوں کو 3ماہ کے لیے ہینڈ سینیٹائزر بنانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ہینڈ سینیٹائزر کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈریپ نے کچھ دن پہلے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، لائسنس یافتہ کمپنیاں ڈبلیو ایچ او کی ہدایات کے مطابق معیاری ہینڈ سینیٹائزر تیار کریں گی۔