اسلام آباد /پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1504 تک پہنچ گئی ہے ، 31افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز رات 12 بجے تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1496 تھی تاہم کے پی میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 1500 سے تجاوز کر چکی ہے۔کے پی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بھی صوبے میں 8 نئے کیسز کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جبکہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 557 ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزارت صحت پنجاب نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بھی کر دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹوئٹر پر ایک چارٹ شیئر کیا جس میں مختلف شہروں میں موجود مریضوں کے حوالے سے بتایا گیا ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ صوبے میں کوروناوائرس کے باعث اب تک 5 افراد جاں بحق اور 5 صحت یاب ہو چکے ہیں۔