اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی وجہ سے نہیں بلکہ امریکہ کی وجہ سے تاحال گرے لسٹ میں ہے۔بھارت تو اپنے منصوبوں میں ناکام ہو چکا ہے۔بھارت چاہتا تھا کہ پاکستان کو تباہ کن ملک کے طور پر پیش کیا جائے ۔
وہ چاہتے تھے کہ حافظ سعید کو ہمارے حوالے کیا جائے لیکن بھارت کا کوئی مطالبہ نہیں مانا گیا۔بھارتی اخبار نے رپورٹ شائع کی ہے کہ چین نے پاکستان کی حمایت نہیں کی ۔جس کے بعد چین نے بیان جاری کیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں ہم اس کی مدد کریں گے،دوسرے دوست ملک بھی پاکستان کی مدد کریں گے۔39 ممالک میں سے 10 ملک بھارت کے ساتھ ہیں،لیکن وہ ممالک امریکا کے ساتھ بھی ہیں۔امریکا آج بھی مختلف ملکوں کو گرانٹ دیتا ہے۔امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان سی پیک سے الگ ہو جائے اور متبادل امریکی منصوبہ قبول کر لے۔اب تو سڑکیں بن چکی ہیں،بجلی کے کارخانے بن چکے ہیں۔اب پاکستان سی پیک سے نہیں نکل سکتا، کوئی درمیانی راستہ نکلے گا۔ہارون الرشید نے مزید کہا کہ امریکا ایک تو سی پیک کے حوالے سے ناراض ہے دوسرا وہ افغانستان پر دباؤ رکھنا چاہتا ہے۔اگر پاکستان امریکا کی شرائط مان لے تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان بھارت کا دباؤ قبول کر لے اور اپنے نظریے سے ہٹ جائے جو ممکن نہیں ہے۔