اسلام آباد (آئی این پی)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی، اے این پی اور ن لیگ کے ساتھ مشاورتی عمل ختم کرتے ہوئے علیحدہ اتحاد بنا لیا ہے جسکے تحت رواں ماہ 23؍ فروری سے حکومت مخالف تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی مفاہمتی پرواز کو دیکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن اتحاد سے عملا علیحدگی اختیار کرلی، جے یو آئی نے 3 اپوزیشن جماعتوں سے سیاسی قطع تعلق کا حتمی فیصلہ کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں نیا سیاسی الائنس قائم کردیا گیا ہے، 6جماعتی اپوزیشن الائنس نے ماہ فروری کے وسط سے حکومت کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعیت علما اسلام کے سربراہ نے پیپلزپارٹی، ن لیگ، اے این پی کے ساتھ مشاورتی عمل بھی ختم کردیا ہے، جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے6جماعتی اپوزیشن الائنس بنادیا ہے۔ اس اتحاد میں جے یو آئی، نیشنل پارٹی ،جمعیت اہلحدیث، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی شامل ہیں، اس کے علاوہ قومی وطن پارٹی اورجمعیت علمائے پاکستان شامل ہونگی، 23فروری کو کراچی سے فضل الرحمان حکومت مخالف تحریک کا آغاز کرینگے۔اسی روز کراچی میں 6اپوزیشن جماعتوں کامشترکہ جلسہ ہوگا جبکہ13مارچ کو مینار پاکستان لاہور میں جے یو آئی کے تحت جلسہ عام کا انعقاد کیا جائیگا۔