اسلام آباد(این این آئی) افغان صدر کے چیف ایڈوائزر برائے نیشنل سیکورٹی کونسل سرور احمدزئی نے وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورہ امریکہ افغان امن عمل کی کامیابی کیلئے بہت اہم ہے اور افغان عوام اس دورے کی کامیابی کے متمنی ہیں۔ حالیہ کرکٹ ورلڈ کپ میچ کے بعد ہونیوالے واقعات انفرادی عمل ہے
اس کو پوری قوم کا عمل قرار دینا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان کرکٹرز نے کھیلنا پاکستان میں سیکھا ہے اور انفرادی عمل کو پوری قوم سے منسلک کرنا درست نہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ سرور احمدزئی کا دورہ پاک افغان تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہے اور انہیں افغان صدرجناب اشرف غنی نے اپنے حالیہ دورہ کے بعد فالو اپ کیلئے خصوصی طور پر بھیجا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرور احمد زئی صاحب نے اس دورہ میں وزیر خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت سیفران، وزارت انسداد منشیات اور دیگر اداروں میں اعلی افسران سے ملاقاتیں کیں اورباہمی مسائل کے حل کیلئے یہ دور نہائت مفید ثابت ہواہے ۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان نے یہ طے کیا ہے کہ افغان مہاجرین کی باعزت اور احترام کے ساتھ وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ اس سلسلے میں یو این ایچ سی آر کی نمائندہ سے مفید ملاقات ہوئی ہے اور یہ فیصلہ ہوا ہے کہ پاکستان اور افغانستان یو این ایچ سی آر اور دیگرعالمی اداروں کے ساتھ مل کر افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے عمل کو مہمیز کرینگے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ انہوں نے سروراحمدزئی کے ہمراہ گذشتہ روز پشاور میں افغان مہاجرین کے نغمان اور خزانہ کیمپس کا دورہ کیا اور افغان مہاجرین کو دی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ جناب سرور احمد زئی اور انکی ٹیم نے افغان مہاجرین کو دی جارہی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تاہم صحت کے حوالے سے ہم نے سہولتوں میں بہتری کیلئے آج یو این ایچ سی آر کی ٹیم سے مذاکرات کئے ہیں اور صحت کی سہولتوں میں بہتری لائی جائیگی۔ پاکستان میں عام پاکستانیوں کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں، سکولوں اور دیگر اداروں میں افغان مہاجرین کو جو سہولتیں دی جارہی ہیں ان پر شکریہ اداکیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جناب سرور احمد زئی نے افغان
عوام کی جانب سے ویزہ سہولتوں میں بہتری کیلئے درخواست کی ہے جس پر وزیر خارجہ جناب شاہ محمود قریشی نے انہیں یقین دلا یا ہے کہ وہ ویزہ فراہمی کی سہولتوں میں بہتری کیلئے اقدامات کی ہدایات دینگے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ جناب سرور احمد زئی نے یقین دلایا ہے کہ افغان حکومت وزیر اعظم عمران خان کی ویژن کے مطابق منشیات کی سمگلنگ کے خاتمہ اورڈرگز کی لعنت کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن تعاون کریگی۔
اس سلسلے میں پاکستان اور افغان وفد نے یو این او ڈی سی کے پاکستان میں نمائندہ سے بھی ملاقات کی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرور احمدزئی نے کہا کہ انکا دورہ پاکستان کئی حوالے سے یادرگار رہا اور حکومت پاکستان کے اقدامات سے پاکستان اور افغانستان کے دوستانہ تعلقات میں نئے باب کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکے دورئہ پاکستان کی کامیابی میں شہریار آفریدی نے کلیدی کرداد ادا کیا ۔
اور شہریار آفریدی پاک افغان تعلقات کے نئے معمار ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انکی درخواست پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم عمران خان کو افغانستان اور بھارت کے درمیان فضائی راستہ کھولنے کیلئے خصوصی درخواست کی جس پر فوری عملدرآمد ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے افغان عوام کو بہت فائدہ
ہوا ہے جس پر افغان حکومت پاکستان کی شکرگذار ہے۔ سرور احمدزئی نے کہا کہ روزانہ ہزاروں کی تعداد میں افغان شہری پاکستان کے ویزے کے حصول کیلئے پاکستانی سفارتخانے کے باہر موجود ہوتے ہیں اس لئے انہوں نے افغان حکومت کی جانب سے ویزہ پراسیس کو آسان بنانے کی درخواست کی تھی جس پر حکومت پاکستان نے عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔