اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نےنجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق اب جو جج بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی، لاہور ہائیکورٹ میں بھی ایک ایسا ہی فیصلہ ہوا تھا کیونکہ وہاں کے ججز بھی سیاسی لوگوں سے ملاقاتیں کرتے تھے۔ چیف جسٹس سے بھی کچھ لوگ ملاقات کرنا چاہ رہے تھے لیکن انہوں نے ان سے ملاقات
کرنے سے انکار کر دیا۔ اس طرح عدالتوں کا وقار بھی بہتر ہوتا ہے اور عدالتوں کی کارکردگی بھی بہتر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اصل ایشو دیکھنا ہے کہ جب ایک پریس کانفرنس میں ویڈیو دکھائی جاتی اور پھر یہ ویڈیو جب تیار کی جاتی ہے اور ایڈٹ کی جاتی ہے تو اس وقت جاتی امرا میں کچھ صحافی بھی شامل تھے۔کیا ایسے لوگوں کے خلاف بھی کوئی کارروائی ہوتی ہے یا نہیں۔ یا پھر اداروں کی تذلیل کرنے کا ٹھیکہ شریف خاندان کو دے دیا گیا ہے؟