اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)بی این پی (مینگل) کے صدر اختر مینگل نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت کا حکومت کے ساتھ اتحاد اگست میں ختم ہو جائیگا اور پارٹی اپنی راہیں جدا کرنے میں آزاد ہوگی کیونکہ طے شدہ معاہدے کے مطابق اتحاد کی مدت ختم ہو رہی ہے۔ روزنامہ جنگ کے مطابق انہوں نے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ گزشتہ سال کیے گئے وعدے کے مطابق حکومت
بی این پی (مینگل) اور بلو چستا ن کے عوام کے تحفظات اور ان کے مسائل کے حل کیلئے 8؍ رکنی کمیٹی تشکیل دینے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کمیٹی کے قیام پر اتفاق وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ہوا تھا۔ بی این پی (مینگل) نے کمیٹی کیلئے چار ارکان کو نامزد کیا لیکن حکومت نے اب تک اس حوالے سے کوئی قدم نہیں اٹھایا اور ارکان نامزد نہیں کیے۔ اختر مینگل نے حکومتی رویے پر افسوس کا اظہار کیا ۔