تہران (نیوز ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان کاایران کے دو روزہ دورے پر مشہد پہنچنے پر گور نر نے استقبال کیا ۔ اتوار کو ایران روانگی سے قبل عمران خان نے کوئٹہ میں ہزار گنجی خودکش حملے کے متاثرین سے ملاقات اورتعزیت کی۔وزیرعظم نے حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کے دوران فاتحہ خوانی بھی کی۔بعد ازاں مشہد پہنچنے پر گورنر جنرل خراسان رضا حسینی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے
مشہد میں روضہ امام رضا ؑ پر نوافل بھی ادا کیے، متولی آیت اللہ ماروی نے وزیراعظم عمران خان کو خصوصی تحفہ دیا جس پر اظہار مسرت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ یہ وزیراعظم عمران خان کا ایران کا پہلا سرکاری دورہ ہے، وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے موقع پر ایران میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود اور مشہد میں پاکستان قونصل خانہ کے اہلکار بھی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔